ایرانی میزائلوں کا خوف، اسرائیلیوں کی حفاظت کیلئے یونان کے جزائر خریدنے کی تجویز

ایران کے پاس ہزاروں بیلسٹک میزائل موجود ہیں جو اسرائیل کو نشانہ بنا سکتے ہیں، اس لئے متبادل حفاظتی منصوبہ ضروری ہے:اوری اسٹینر
تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل کے ایک سیاستدان کی جانب سے یونان کے جزائر خریدنے کی تجویز نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ یہ تجویز خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ میزائل حملوں کے خدشات کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی سیاسی شخصیت اوری اسٹینر نے تجویز پیش کی کہ یونان کے تقریباً 40 غیر آباد جزائر خرید کر انہیں اسرائیلی شہریوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔اس تجویز کا مقصد ممکنہ جنگی صورتحال میں شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا بتایا گیا ہے۔اسٹینر نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس ہزاروں بیلسٹک میزائل موجود ہیں جو اسرائیل کو نشانہ بنا سکتے ہیں، اس لیے متبادل حفاظتی منصوبہ ضروری ہے۔ انہوں نے اس تصور کو ایک ’متبادل آئرن ڈوم‘ قرار دیا۔تاہم اس تجویز کو جلد ہی مسترد کر دیا گیا۔ جیوئش نیشنل فنڈ کی ذیلی کمپنی ہمنوتا کے بورڈ ممبران نے اس منصوبے کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے کے بنیادی مقاصد کے خلاف ہے۔