جن لوگوں کو یہ کالز موصول ہوئی ہیں وہ فوری طور پر اس نمبر کو بلاک کر دیں
تل ابیب (آئی این پی )اسرائیل کی نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ نے انکشاف کیا ہے وہ اسرائیلی شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی متعدد شکایات کی تحقیقات کر ہے ہیں ، جن میں انہیں عبرانی زبان میں ریکارڈ شدہ پیغامات کے ساتھ کالز کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں ایرانی ایجنٹوں کے طور پر بھرتی کیا جا سکے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق ان ریکارڈنگز میں سے ایک کا دعوی تھا کہ یہ کال ایرانی انٹیلی جنس کی طرف سے کی گئی ہے اور ایجنٹ بھرتی کئے جا رہے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ریکارڈنگ میں یہ الفاظ شامل تھے، ایرانی انٹیلی جنس سرکاری ایجنٹوں کی تلاش میں ہے۔ پرکشش تنخواہ اور جامع سیکیورٹی، ہمیں ٹیلی گرام اور انٹرنیٹ پر تلاش کریں۔ایک گمنام شخص نے بھی اسرائیلی خبررساںادارے وائی نیٹ کو بتایا کہ اسے اور اس کی اہلیہ کو کال موصول ہوئی جس میں انہیں ایران کے لئے ایجنٹ بننے پر مالی معاوضے کی پیشکش کی گئی۔ان بڑھتی ہوئی شکایات کے پیش نظر، نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ 03-6817 اور 03-3067 سے شروع ہونے والے نمبروں سے آنے والی کالز کا جواب نہ دیں اور اگر غلطی سے کال اٹھا لی جائے تو فورا منقطع کر دیں۔