ایرانی بیلسٹک میزائلوں کا خوف، امریکی افواج آبنائے ہرمز سے 500 کلومیٹر دور چلی گئیں

 خطے کے ممالک اب اس نتیجے پر پہنچ رہے ہیں کہ امریکی فوج سکیورٹی کے بجائے عدم تحفظ کا باعث بنتی ہے:ایرانی کمانڈرمیجر جنرل مصطفی
تہران(آئی این پی )ایرانی پاسداران انقلاب کے نائب کمانڈر میجر جنرل مصطفی ایزدی نے دعوی کیا ہے کہ امریکی افواج ایران کے بیلسٹک میزائلوں کے خوف کے باعث خلیج فارس اور بحیرہ عمان سے 500 کلومیٹر سے زیادہ دور چلی گئی ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق میجر جنرل مصطفی ایزدی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی افواج نے ایران کے پانیوں سے 500 کلومیٹر سے زیادہ فاصلے پر اپنی پوزیشنیں قائم کرلی ہیں، جبکہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر واشنگٹن کی افواج مزید پیچھے ہٹ سکتی ہیں۔ایرانی کمانڈر کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک اب اس نتیجے پر پہنچ رہے ہیں کہ امریکی فوجی موجودگی سکیورٹی فراہم کرنے کے بجائے عدم تحفظ کا باعث بنتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی مسلح افواج نے حالیہ تنازعات کے دوران اپنی تیاری اور صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے۔