لاہور‘ اسلام آباد، راولپنڈی،قصور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش ‘خیبرپختونخوا میں برفباری
لاہور(سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں)پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھا ر بارش، ژالہ باری، سردی لوٹ آئی، اسلام آباد، راولپنڈی،قصور،لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔صوبائی دارالحکومت میں اتوار کی علی الصبح بادل جم کر برسے، لاہور شملہ پہاڑی، مال روڈ، ڈیوس روڈ، لکشمی چوک، سول سیکرٹریٹ، ساندہ روڈ، چوبرجی اور دیگر مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی ہے، کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی،بارش کے بعد صبح سویرے لاہور میں ٹھنڈک محسوس ہونے لگی۔، اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں راولپنڈی، حاصل پور، سرگودھا، بہاولنگر، عارف والا، دنیا پور، سانگلہ ہل میں بھی بادل برسے، منچن آباد، فیصل آباد، قصور ،رائیونڈ اور دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے‘خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا جس کے باعث شہریوں نے ایک بار پھر گرم کپڑے نکال لئے ۔