لاہور: ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ، موٹر سائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق، ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور گرفتار

لاہور: ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ، موٹر سائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق، ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور گرفتار

لاہور میں کینال یوٹرن ٹھوکر فلائی اوور کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔

 حادثہ ٹریکٹر کا ٹائر اچانک پھٹنے کے باعث پیش آیا، جس کے بعد بے قابو ٹریکٹر ٹرالی موٹر سائیکل سے جا ٹکرائی۔تفصیلات کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی کا ٹائر پھٹنے سے ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور ٹریکٹر ٹرالی موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی شدید زخمی ہوگئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور متعلقہ اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم دونوں افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی، جبکہ حادثے کے ذمہ دار ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور محمد نوید کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ نواب ٹاؤن منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایس پی صدر سے واقعے کی تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کرلی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے حادثے کی مکمل صورتحال اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔