دبئی: دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم اور ان کی اہلیہ شیخہ شیخہ بنت سعید بن ثانی المکتوم کے ہاں چوتھی بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، جس کا نام ’ہند‘ رکھا گیا ہے۔
اس نام کا انتخاب ولی عہد کی والدہ شیخہ ہند بنت مکتوم بن جمعہ المکتوم کے اعزاز میں کیا گیا ہے۔شیخ حمدان نے اپنی بیٹی کی پیدائش کی خوشخبری اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا: "اے اللہ، اسے اپنی محبت سے بھرا دل عطا فرما، اسے روشنی اور ہدایت کا ذریعہ بنا، اور اسے صحت اور خوشحالی کی چادر میں لپیٹ دے۔"شیخ حمدان کے پہلے جڑواں بچے 2021 میں پیدا ہوئے تھے، جن میں بیٹا راشد اور بیٹی شیخہ شامل ہیں، جبکہ 2023 میں ان کے ہاں ایک اور بیٹے محمد کی پیدائش ہوئی تھی۔"ہند" ایک قدیم عربی نام ہے جو طاقت، دولت اور عظمت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہ نام تاریخ میں "سو اونٹ" کے معنی میں استعمال ہوتا تھا، جو قدیم عرب میں خوشحالی کی علامت تھا۔
اس نام کو کئی اہم شخصیات نے اپنایا ہے۔شیخ حمدان 2008 سے دبئی کے ولی عہد ہیں اور وہ متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم اور شیخہ ہند بنت مکتوم بن جمعہ المکتوم کے بیٹے ہیں۔شیخ حمدان نے 2019 میں اپنی کزن شیخہ شیخہ بنت سعید بن ثانی المکتوم سے شادی کی تھی، جو دبئی کے شاہی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔حالیہ دنوں میں شیخ حمدان نے دبئی میں مساجد کی تعمیر اور بحالی کے منصوبے پر دستخط کیے، اور گزشتہ ماہ انہوں نے "ارتھ دبئی" منصوبہ لانچ کیا، جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔