عید الفطر قریب آتے ہی شہریوں کو نئے نوٹ حاصل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
بینکوں کی انتظامیہ کی جانب سے نئے نوٹ دینے میں غفلت اور ٹال مٹول کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے جس سے شہریوں کی عید کی تیاریوں میں مشکلات بڑھ گئی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ بینکوں سے نئے نوٹ حاصل کرنے کے لیے کئی بار کوششیں کر چکے ہیں، لیکن انہیں کامیابی نہیں مل رہی۔ مزید برآں، کچھ شہریوں نے یہ شکایت کی کہ بینکوں سے نئے نوٹ حاصل کرنے کے لیے اضافی رقم بھی وصول کی جا رہی ہے۔ 10 روپے کے نوٹ کی ایک کاپی پر 600 روپے، 50 روپے کے نوٹ پر 1500 روپے اور 100 روپے کے نوٹ پر 11,500 روپے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ اسٹیٹ بینک نئے نوٹوں کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ عید کی خریداری میں انہیں مشکلات کا سامنا نہ ہو اور وہ خوشی کے اس موقع پر بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے کام نمٹا سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بینکوں کی انتظامیہ کو اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرنا چاہیے تاکہ عید کی خوشیاں متاثر نہ ہوں۔