جاپان کا بڑا اقدام، غیر ملکی ہنر مند کارکنوں کے لیے 5 سالہ ویزا تجویز

جاپان کا بڑا اقدام، غیر ملکی ہنر مند کارکنوں کے لیے 5 سالہ ویزا تجویز

جاپان نے غیر ملکی ہنر مند کارکنوں کے لیے "ٹائپ 2 مخصوص ہنر مند ورکر ویزا" کے تحت پانچ سالہ قیام کی مدت متعارف کرانے کی تجویز پیش کر دی ہے۔

جاپان کی امیگریشن سروسز ایجنسی نے اس مقصد کے لیے منگل کو ایک مسودہ وزارتی آرڈیننس جاری کیا ہے، جس پر عوامی رائے طلب کی جائے گی۔ حکومت کا منصوبہ ہے کہ عوامی مشاورت مکمل ہونے کے بعد اس نئے نظام کا باقاعدہ آغاز آئندہ سال جنوری کے اوائل سے کیا جائے۔موجودہ قوانین کے مطابق اس ویزا کیٹیگری کے تحت غیر ملکی کارکنوں کو ان کی ملازمت، روزگار کے تسلسل اور دیگر عوامل کی بنیاد پر 6 ماہ، 1 سال، 2 سال یا 3 سال تک قیام کی اجازت دی جاتی ہے۔حکومت کے مطابق نئے پانچ سالہ ویزا پروگرام کی تمام تفصیلات اور شرائط کو حتمی شکل دینا ابھی باقی ہے، جن کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔اس اقدام کا مقصد ہنر مند کارکنوں کے ویزا دورانیے کو نرسنگ کیئر ورکرز سمیت دیگر پیشہ ور غیر ملکی کارکنوں کے برابر لانا ہے، جن کے لیے پہلے ہی زیادہ سے زیادہ پانچ سال کے قیام کی سہولت موجود ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ تبدیلی جاپان میں طویل عرصے سے مقیم غیر ملکی کارکنوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ مستقل رہائش (Permanent Residency) کی درخواست دینے کے لیے موجودہ ویزا کیٹیگری کے تحت دستیاب زیادہ سے زیادہ مدت کا ویزا ہونا ضروری ہوتا ہے۔پانچ سالہ ویزا متعارف ہونے سے اہل کارکنوں کے لیے نہ صرف قیام زیادہ مستحکم ہوگا بلکہ مستقل رہائش کے لیے درکار قانونی شرائط پوری کرنا بھی پہلے کے مقابلے میں آسان ہو جائے گا۔