اسلام آباد: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ علیحدگی پسند بیانیے کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی، فتنہ الہندوستان، ریاست مخالف پروپیگنڈا، افغانستان، سوشل میڈیا اور گورننس کے مسائل کے خلاف حکومت اور سکیورٹی فورسز مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے آئی ایس پی آر کے سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 میں شریک پاکستان بھر سے آئے ہوئے 21 اسٹیشنز کے 6,150 سے زائد طلبہ و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے بلوچستان میں امن و امان، دہشت گردی، اور ریاست مخالف بیانیوں کے خلاف جاری اقدامات پر گفتگو کی۔اپنے خطاب میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور دیگر دہشت گرد عناصر تشدد کے ذریعے بدامنی پھیلانے کی کوششیں کر رہے ہیں، لیکن علیحدگی پسند بیانیے کے ذریعے پاکستان کو کمزور بنانے کے خواب کو کبھی تعبیر نہیں ملے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ انسانی حقوق، خاص طور پر لاپتہ افراد کے حوالے سے بیانات کو ریاست مخالف اور دہشت گردی کو فروغ دینے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں موجود پاکستان مخالف عناصر کو افغان عبوری حکومت کو اپنی عالمی ذمہ داریوں کا پاسداری کرنا ہوگی، اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہی حق کا ساتھ دینا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بلوچستان کا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ ہے، اور بلوچ عوام کی ترقی، خوشحالی اور بقا پاکستان کی مضبوطی میں ہے۔