بھارتی خفیہ ایجنسی ماورائے عدالت قتل، ٹارگٹ کلنگ اور اقلیتوں پر مظالم میں ملوث ، را کی سرگرمیاں عالمی سطح پر بھی انسانی حقوق اور امن کے لیے خطرہ بن چکی ہیں
واشنگٹن(آئی این پی) امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ پر پابندی لگانے کی سفارش کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ یہ ایجنسی ماورائے عدالت قتل، ٹارگٹ کلنگ اور اقلیتوں پر مظالم میں ملوث ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق حالیہ جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ را منظم طور پر سکھوں، مسلمانوں، دلتوں اور مسیحیوں کو نشانہ بنا رہی ہے، جس سے عالمی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہو رہی ہے۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ را نے حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر بھارتی میڈیا کو کنٹرول کیا اور داخلی تنقید کو دبانے کے لیے خفیہ نگرانی، جھوٹے مقدمات اور خوف و ہراس کی پالیسی اپنائی۔رپورٹ کے مطابق بھارت میں اقلیتوں پر حملوں اور نفرت انگیز جرائم میں 70 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور 1200 سے زائد نفرت انگیز واقعات سامنے آئے ہیں، جن میں براہ راست را کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔امریکی کمیشن نے متنبہ کیا کہ را کی سرگرمیاں نہ صرف بھارت بل کہ عالمی سطح پر بھی انسانی حقوق اور امن کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔