آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کے برج (بریج) کو نقصان پہنچا، تاہم تمام عملہ محفوظ رہا۔
برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کے مطابق ٹینکر کے کپتان نے اطلاع دی کہ جہاز کو ایک نامعلوم پروجیکٹائل آ کر لگا، جس سے جہاز کے برج کو نقصان پہنچا۔یو کے ایم ٹی او نے بتایا کہ واقعے میں عملے کا کوئی فرد زخمی نہیں ہوا اور تمام افراد محفوظ ہیں، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی قسم کے تیل کے اخراج یا ماحولیاتی نقصان کی بھی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ادارے کے مطابق متعلقہ حکام واقعے کی نوعیت اور حملے میں استعمال ہونے والے پروجیکٹائل سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ واقعے کے ذمہ دار عناصر اور اس کے محرکات کا تعین کیا جا سکے۔آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل کی بڑی مقدار کی ترسیل ہوتی ہے، اس لیے اس نوعیت کے واقعات عالمی بحری تجارت اور توانائی کی منڈیوں کے لیے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔