آبنائے ہرمز میں کشیدگی مزید بڑھ گئی، جہاں ایک ہی دن میں تیسرے آئل ٹینکر کے سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
ایرانی بحریہ کے مطابق مشرقی آبنائے ہرمز میں بحری پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے تیسرے آئل ٹینکر کو سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ لگ گئی۔ایرانی بحریہ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز بدستور بند ہے اور اس آبی گزرگاہ سے گزرنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کو مقررہ ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔ ایرانی فوج کی بحریہ نے واضح کیا ہے کہ محفوظ بحری آمدورفت کے لیے ایران کی مسلح افواج کے ساتھ رابطہ رکھنا، مخصوص محفوظ بحری راستوں کا استعمال کرنا اور نیویگیشن سسٹمز کو فعال رکھنا لازمی ہے۔ایرانی حکام کے مطابق یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور سکیورٹی کے حوالے سے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ ایران نے بارہا تجارتی جہازوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقررہ بحری راستوں کے علاوہ کسی دوسرے راستے سے گزرنے کی کوشش نہ کریں۔
آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ خلیج فارس سے عالمی منڈیوں تک تیل اور گیس کی بڑی مقدار اسی راستے سے منتقل ہوتی ہے۔ اس آبی گزرگاہ میں بحری سرگرمیوں کی معطلی یا رکاوٹ سے عالمی تیل کی ترسیل، شپنگ انشورنس اور توانائی کی قیمتوں پر اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔تاحال ایرانی حکام نے متاثرہ آئل ٹینکر کی شناخت، اس کے پرچم، عملے کی تعداد اور ممکنہ جانی نقصان سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔ ایرانی بحریہ کے دعوے کی تمام تفصیلات کی آزادانہ تصدیق بھی سامنے نہیں آئی۔