آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر نامعلوم چیز سے حملہ، انجن روم کو نقصان، عملہ محفوظ

آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر نامعلوم چیز سے حملہ، انجن روم کو نقصان، عملہ محفوظ

مسقط: آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر کو نامعلوم سمت سے آنے والی چیز نے نشانہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا، تاہم واقعے میں عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کے مطابق یہ واقعہ 18 نومبر کو عالمی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا، جب آئل ٹینکر آبنائے ہرمز سے باہر کی جانب سفر کر رہا تھا۔ واقعے کا مقام عمان کے علاقے خصب سے تقریباً 6 بحری میل شمال میں بتایا گیا ہے۔یو کے ایم ٹی او کو مقامی حکام کی جانب سے واقعے کی اطلاع تاخیر سے موصول ہوئی، جس کے بعد ادارے نے 19 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے مقامی وقت کے مطابق رات 2 بج کر 30 منٹ پر الرٹ جاری کیا اور سمندری جہازوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی۔ادارے کے مطابق ٹینکر کے عملے کے تمام ارکان محفوظ ہیں اور ان کی موجودگی کی تصدیق کر لی گئی ہے۔ تاہم جہاز کو پہنچنے والے نقصان کی مکمل نوعیت، انجن روم کی صورتحال اور سمندر میں تیل یا دیگر آلودگی پھیلنے کے خدشات سے متعلق فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

رپورٹ میں ٹینکر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، جبکہ یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ جہاز کو نشانہ بنانے والی چیز کہاں سے آئی اور اس واقعے کے پیچھے کون ملوث ہے۔ حکام کی جانب سے تاحال اسے کسی مخصوص حملے یا گروہ سے منسلک کرنے کی تصدیق بھی نہیں کی گئی۔یو کے ایم ٹی او نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی اور دیگر سمندری جہازوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اطراف کی صورتحال پر کڑی نظر رکھیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا سکیورٹی واقعے کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔