لاہور میں گرمی کی شدت برقرار، حبس سے پارہ 46 ڈگری تک محسوس ہونے لگا

لاہور میں گرمی کی شدت برقرار، حبس سے پارہ 46 ڈگری تک محسوس ہونے لگا

لاہور میں شدید گرمی اور حبس کا سلسلہ برقرار ہے، جس کے باعث شہریوں کو سخت موسمی حالات کا سامنا ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم حبس کے باعث محسوس ہونے والا درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں موسم گرم اور خشک ہے، جبکہ فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصد اور ہوا کی رفتار 2 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث حبس کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا نیا سسٹم جولائی کے پہلے ہفتے میں پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں باقاعدہ بارشوں کا آغاز متوقع ہے۔ بارشوں سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے متوقع مون سون بارشوں کے پیش نظر پنجاب کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشے کا الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو نکاسیٔ آب کے انتظامات مکمل رکھنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی اور دیگر مشروبات کا زیادہ استعمال کریں، ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہنیں اور گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک اور دیگر موسمی بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکے۔