کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع، پارہ 39 ڈگری تک جا پہنچنے کا امکان

کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع، پارہ 39 ڈگری تک جا پہنچنے کا امکان

کراچی: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شہر قائد میں آئندہ تین روز کے دوران گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق کراچی میں آج درجہ حرارت 37 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جب کہ بدھ کو زیادہ سے زیادہ پارہ 39 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔محکمہ نے بتایا کہ بلوچستان کی گرم اور خشک ریگستانی ہوائیں شہر پر اثرانداز رہیں گی، جب کہ متوازی سمت کی ہواؤں کے باعث سمندری ہوائیں صبح سے شام تک بند یا غیر فعال رہ سکتی ہیں۔

اگرچہ موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کے باعث ہیٹ ویو جیسی صورتحال کا کوئی خطرہ نہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق اکتوبر کا مہینہ کراچی میں مئی اور جون کے بعد گرم تصور کیا جاتا ہے، اس دوران عام طور پر دن کا درجہ حرارت 37 ڈگری اور رات کا 23 سے 25 ڈگری کے درمیان رہتا ہے۔