پنجاب شدید گرمی کی لپیٹ میں، لاہور میں پارہ 44 ڈگری تک پہنچنے کا امکان

پنجاب شدید گرمی کی لپیٹ میں، لاہور میں پارہ 44 ڈگری تک پہنچنے کا امکان

لاہور (ویب ڈیسک): صوبہ پنجاب خصوصاً صوبائی دارالحکومت لاہور ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔

سورج کی تپش اور گرمی کی شدت شہریوں کو جھلسا رہی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

لاہور میں آج پارہ 44 ڈگری کو چھو سکتا ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس شدید گرمی کے باعث شہریوں کو ہیٹ اسٹروک کے خطرے سے خبردار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا الرٹ: گرد آلود ہوائیں اور بارش کی پیش گوئی
دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے آج 14 جون سے 16 جون کے دوران پنجاب کے کئی اضلاع میں تیز آندھی، گرد آلود ہوائیں اور بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر رکھا ہے۔ تاہم، لاہور میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق صرف ہلکی ہواؤں کا امکان ہے جو شام کے وقت گرمی کی شدت کو کچھ کم کر سکتی ہیں، مگر مجموعی طور پر موسم خشک اور گرم ہی رہے گا۔

شہریوں کے لیے احتیاطی تدابیر
حکام نے شہریوں، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو مشورہ دیا ہے کہ:

دوپہر 12 بجے سے 4 بجے تک غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں
زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں
سر اور جسم کو ڈھانپ کر رکھیں
کھلے میدانوں یا دھوپ میں کھیلنے سے گریز کریں
ماہرین صحت کا انتباہ
ماہرین صحت کے مطابق موجودہ درجہ حرارت اور حدت ہیٹ اسٹروک جیسی سنگین صورتحال پیدا کر سکتی ہے، جس کے اثرات فوری طبی امداد کے بغیر جان لیوا بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔