فیصلہ کن ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو نقصان، بلیئر ٹکنر کنکشن کے باعث باہر

فیصلہ کن ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو نقصان، بلیئر ٹکنر کنکشن کے باعث باہر

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب فاسٹ بولر بلیئر ٹکنر کنکشن (دماغی چوٹ) کے باعث میچ سے باہر ہو گئے۔

بلیئر ٹکنر کو انگلینڈ کے تیز رفتار فاسٹ بولر جوفرا آرچر کی خطرناک باؤنسر ہیلمٹ پر لگنے کے بعد فوری طبی معائنہ کیا گیا۔ ٹکنر اس وقت نمبر 10 پر بیٹنگ کے لیے آئے تھے اور اپنی اننگز کی صرف تیسری گیند پر شارٹ پچ گیند کا نشانہ بنے۔ابتدائی طبی معائنے کے بعد انہیں کھیل جاری رکھنے کی اجازت دی گئی اور انہوں نے بعد ازاں بولنگ بھی کی۔ٹکنر نے تین اوورز کرائے، جن میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کیے 21 رنز دیے، تاہم بعد میں ان کی طبیعت بگڑ گئی اور متلی کی شکایت کے باعث وہ چائے کے وقفے کے بعد دوبارہ میدان میں واپس نہ آ سکے۔نیوزی لینڈ کرکٹ نے بعد ازاں تصدیق کی کہ کنکشن پروٹوکول کے تحت بلیئر ٹکنر کو میچ سے باہر کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ زیک فولکس کو کنکشن متبادل (Concussion Substitute) کے طور پر ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ میچ ریفری اینڈی پائکرافٹ نے اس تبدیلی کی باضابطہ منظوری دے دی، جس کے بعد فولکس میچ کے باقی حصے میں مکمل طور پر حصہ لے سکیں گے۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر ڈیرل مچل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلیئر ٹکنر کی حالت فی الحال مکمل طور پر بہتر نہیں، تاہم وہ ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں اور ٹیم کو امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹکنر کی غیر موجودگی ٹیم کے لیے یقیناً نقصان دہ ہے، لیکن زیک فولکس کے لیے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں اور ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کریں۔کرکٹ میں حالیہ برسوں کے دوران کنکشن پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے تاکہ سر پر چوٹ لگنے کی صورت میں کھلاڑیوں کی صحت کو ہر صورت ترجیح دی جا سکے۔