35 سالہ خاتون کی مبینہ خودکشی، دو بچیاں بھی اسپتال منتقل

35 سالہ خاتون کی مبینہ خودکشی، دو بچیاں بھی اسپتال منتقل

راولپنڈی: سرکلر روڈ وارث خان کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 35 سالہ خاتون مبینہ طور پر خودکشی کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئی جبکہ دو بچیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی تین ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ترجمان کے مطابق ابتدائی معلومات سے معلوم ہوا ہے کہ خاتون نے مبینہ طور پر گولیاں کھائی تھیں، جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ واقعے میں موجود 15 سالہ ایمان فاطمہ اور 8 سالہ حمد شہزادی کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ریسکیو اہلکاروں نے خاتون کی لاش اور دونوں بچیوں کو اسپتال منتقل کیا، جبکہ پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حتمی حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مزید تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔