موسیٰ خیل: بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل ہنگری کے علاقے کلی چاپ میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے نکل کر کھلے مقامات پر جمع ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔لیویز ذرائع کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں علاقے میں درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ بعض گھروں کی دیواریں گرنے اور چھتوں میں دراڑیں پڑنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مختلف دیہات سے مزید نقصانات کی رپورٹس بھی سامنے آ رہی ہیں۔زلزلے کے جھٹکوں کے بعد مقامی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں اور صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔زلزلے کے بعد علاقے میں لوگ تاحال خوف کے باعث گھروں سے باہر موجود ہیں جبکہ امدادی ادارے مزید ممکنہ نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔