لندن: برطانیہ کے شہر پریسٹن کے قریب لیول کراسنگ پر ٹرین اور کار کے درمیان خوفناک حادثے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 8 سالہ بچی شدید زخمی ہو گئی۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 25 جون کی صبح تقریباً 8 بج کر 50 منٹ پر ہوگٹن کے علاقے اسٹیشن روڈ پر پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے جن میں فائر بریگیڈ، ایمبولینس سروس، برٹش ٹرانسپورٹ پولیس اور لنکا شائر پولیس کی ٹیمیں شامل تھیں۔حکام کے مطابق حادثے میں خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ 8 سالہ بچی کو تشویشناک حالت میں ایئر ایمبولینس کے ذریعے ایلڈر ہی چلڈرنز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کے سپرنٹنڈنٹ جیمی میک گووان نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی ہمدردیاں جاں بحق خاتون کے اہلِ خانہ اور زخمی بچی کے ساتھ ہیں۔
ان کے مطابق متاثرہ خاندان کی معاونت کے لیے خصوصی تربیت یافتہ افسران تعینات کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور ریل ایکسیڈنٹ انویسٹیگیشن برانچ (RAIB) کے ساتھ مل کر تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔پولیس نے واقعے کے عینی شاہدین سے اپیل کی ہے کہ وہ تحقیقات میں مدد کے لیے آگے آئیں اور دستیاب معلومات فراہم کریں۔نارتھ ویسٹ ایمبولینس سروس کے مطابق ٹرین میں سوار کسی بھی مسافر کو اس حادثے میں طبی امداد کی ضرورت پیش نہیں آئی۔