انڈونیشیا کے شہر بکسائی میں 2 مسافر ٹرینوں کے ہولناک تصادم کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی، جبکہ 80 سے زائد مسافر زخمی ہیں۔
یہ افسوسناک حادثہ دارالحکومت جکارتہ کے قریب بکسائی ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا جہاں دونوں ٹرینیں اچانک ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تصادم کے بعد کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور متعدد مسافر ملبے میں پھنس گئے۔ امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر مسلسل ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں اور پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری سمیت تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔
انڈونیشین ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ قومی ریسکیو ایجنسی کے سربراہ نے بتایا کہ آپریشن تاحال جاری ہے اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ مزید جانیں بچائی جا سکیں۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، تاہم ابتدائی طور پر سگنلنگ سسٹم یا انسانی غفلت کو بھی ممکنہ اسباب میں شامل کیا جا رہا ہے۔