لاہور کے علاقے ملت پارک کی نیشنل بینک کالونی میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے باپ اور بیٹی کو کچلنے والے ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق افسوسناک حادثے میں 8 سالہ بچی موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ اس کا والد اعجاز شدید زخمی ہوگیا۔ حادثہ تیز رفتاری اور مبینہ غفلت کے باعث پیش آیا۔واقعے کے بعد تھانہ ملت پارک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حادثے میں ملوث کار ڈرائیور رانم خان کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ نمبر 1190/26 درج کرلیا ہے، جبکہ ملزم کے خلاف غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے پر دفعہ 322 تعزیراتِ پاکستان کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے اعجاز کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔