ہزارہ موٹروے پر مسافر بس اور ڈمپر میں خوفناک تصادم، 7 افراد جاں بحق، 16 زخمی

ہزارہ موٹروے پر مسافر بس اور ڈمپر میں خوفناک تصادم، 7 افراد جاں بحق، 16 زخمی

ایبٹ آباد: ہزارہ موٹروے پر حویلیاں انٹرچینج کے قریب گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس اور ڈمپر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے۔

حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسافر بس کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور بس سامنے سے آنے والے ڈمپر سے جا ٹکرائی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ متعدد مسافر زخمی ہوگئے جبکہ 7 افراد جان کی بازی ہار گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کی 7 ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی گئی۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو بھی نکالا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال ایبٹ آباد اور ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

 ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق گلگت سے بتایا جا رہا ہے۔دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ہزارہ موٹروے پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔گورنر خیبرپختونخوا نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔