ویب ڈیسک: میکسیکو کی ریاست میکسیکو کے اطلاکومولکو میونسپلٹی میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار مال بردار ٹرین نے ڈبل ڈیکر مسافر بس کو ٹکر مار دی۔
حادثے میں کم از کم 10 افراد ہلاک جبکہ 61 سے زائد زخمی ہو گئے۔عینی شاہدین کے مطابق بس آہستہ رفتار ٹریفک کے دوران ریلوے ٹریک عبور کرنے کی کوشش کر رہی تھی کہ اسی دوران فریٹ ٹرین پوری رفتار سے بس سے جا ٹکرائی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ بس کا اوپری حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور ٹرین بس کو ریلوے لائن پر گھسیٹتی رہی، جس سے جانی نقصان مزید بڑھ گیا۔
ریاستی سول پروٹیکشن کے جنرل کوآرڈینیٹر آدریان ہرنینڈز نے بتایا کہ بس کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بس کی چھت تباہ اور شیشے مکمل طور پر چکنا چور ہو گئے۔