شہر میں سرکاری ریٹ لسٹ اور اوپن مارکیٹ کی قیمتوں میں نمایاں فرق برقرار ہے، جس کے باعث شہری روزمرہ استعمال کی پھلوں اور سبزیوں کی اشیا مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری نرخوں پر مؤثر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث مارکیٹ میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں مسلسل سرکاری ریٹ سے زیادہ وصول کی جا رہی ہیں۔اوپن مارکیٹ میں پیاز 120 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ اس کی سرکاری قیمت 90 روپے فی کلو مقرر ہے۔ اسی طرح ٹماٹر 210 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، جبکہ سرکاری نرخ 150 روپے فی کلو ہیں۔بازار میں لہسن 420 روپے فی کلو، ادرک 340 سے 380 روپے فی کلو، سبز مرچ 150 روپے فی کلو اور شلجم 70 سے 80 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ ان اشیا کے سرکاری نرخ اس سے کم مقرر کیے گئے ہیں۔دیگر سبزیوں میں مٹر 220 روپے فی کلو، بھنڈی 140 روپے فی کلو، کریلے 120 روپے فی کلو اور لیموں 245 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں فرق دیکھا گیا، جہاں سندھڑی آم 350 روپے فی کلو، دوسہری آم 300 روپے فی کلو، سیب 280 روپے فی کلو، کیلے 250 روپے فی درجن اور چیکو 270 روپے فی کلو میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔تاہم بعض اشیا، جن میں فالسے اور خربوزہ شامل ہیں، کی مارکیٹ قیمتیں سرکاری نرخوں کے قریب رہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ سرکاری ریٹ لسٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کرے تاکہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل سکے۔