اوپن مارکیٹ میں پھل اور سبزیاں مہنگے داموں فروخت

اوپن مارکیٹ میں پھل اور سبزیاں مہنگے داموں فروخت

اوپن مارکیٹ میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں بدستور بے قابو ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہری مہنگے داموں اشیائے خورونوش خریدنے پر مجبور ہیں۔

مارکیٹ میں متعدد سبزیاں سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ آلو کی سرکاری قیمت 40 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم یہ 60 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ پیاز 98 روپے کے بجائے 150 روپے جبکہ ٹماٹر 170 روپے کی سرکاری قیمت کے مقابلے میں 250 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔اسی طرح ہرنائی لہسن کی سرکاری قیمت 235 روپے فی کلو ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 450 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ادرک 345 روپے کے بجائے 400 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ بھنڈی 95 روپے کی بجائے 120 روپے، کریلے 66 روپے کے مقابلے میں 100 روپے اور ٹینڈے 114 روپے کے بجائے 120 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں۔پھلوں کی قیمتیں بھی سرکاری نرخوں سے نمایاں طور پر زیادہ ہیں۔ سندھڑی آم 230 روپے کی بجائے 290 روپے، دوسہری آم 220 روپے کے مقابلے میں 260 روپے، تربوز 40 روپے کے بجائے 60 روپے، آڑو 190 روپے کی بجائے 250 روپے، سیب 355 روپے کے مقابلے میں 400 روپے فی کلو جبکہ کیلا 150 روپے درجن کی سرکاری قیمت کے بجائے 200 روپے درجن میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ریٹ لسٹ صرف کاغذی کارروائی بن کر رہ گئی ہے، جبکہ بیشتر دکاندار من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لا کر عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔