حیدرآباد: بھارت کی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں امریکی قونصل خانے سے متصل ایک اہم سڑک کا نام تبدیل کرکے "ڈونلڈ ٹرمپ ایونیو" رکھ دیا گیا، جس کے بعد اس فیصلے نے سفارتی اور سیاسی حلقوں میں توجہ حاصل کر لی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تلنگانہ حکومت نے امریکا کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں سڑک کی نئی نامی تختی کی نقاب کشائی کی۔تقریب میں بھارت میں امریکا کے سفیر سرجیو گور، تلنگانہ کے نائب وزیر اعلیٰ ملو بھٹی وکرمارکا، ریاستی حکام، امریکی سفارت کاروں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔یہ سڑک حیدرآباد کے فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ہے، جہاں امریکی قونصل خانہ موجود ہے، جبکہ اس کے اطراف میں مائیکروسافٹ، گوگل اور ایمیزون سمیت متعدد امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے دفاتر بھی قائم ہیں۔
تلنگانہ حکومت کا کہنا ہے کہ سڑک کا نیا نام کسی ایک شخصیت کے اعزاز سے بڑھ کر بھارت اور امریکا کے درمیان مضبوط ہوتے اقتصادی، تکنیکی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کی علامت ہے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں کسی امریکی صدر کے نام پر سڑک کا نام رکھنا دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات اور باہمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔