بیجنگ: چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک چھوٹا طیارہ شہر کی بلند ترین عمارت سی آئی ٹی آئی سی ٹاور (چائنا زن) سے ٹکرا گیا، جس کے بعد عمارت کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارہ عمارت سے ٹکرانے کے بعد فائر بریگیڈ، پولیس اور ایمبولینسیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جبکہ اطراف کی سڑکیں بھی بند کر دی گئیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں 109 منزلہ عمارت سے شیشے اور ملبہ نیچے گرتا دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ زمین پر طیارے کی دم اور ایک ٹیکسی کی ٹوٹی ہوئی ونڈ اسکرین بھی نظر آئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار طیارہ چین میں تیار کیا گیا سن وارڈ SA60L اورورا لائٹ اسپورٹ ایئرکرافٹ تھا، جو ایک مقامی جنرل ایوی ایشن کمپنی کی ملکیت بتایا جا رہا ہے۔ غیر مصدقہ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا سے اشارہ ملتا ہے کہ طیارے نے بیجنگ کے شیفوسی ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے بعد غیر معمولی راستہ اختیار کیا، تاہم اس کی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی۔
تاحال چینی حکام نے حادثے کی وجہ، ممکنہ جانی نقصان یا زخمیوں کی تعداد سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ بیجنگ پبلک سکیورٹی بیورو کے مقامی دفتر نے بھی فوری طور پر واقعے سے لاعلمی ظاہر کی، جبکہ دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے بھی کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب چین نے یکم مئی سے بیجنگ میں ڈرونز کے استعمال پر سخت پابندیاں نافذ کر رکھی ہیں۔ حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ واقعے کی اصل وجہ اور نقصانات سے متعلق مزید معلومات سرکاری اعلان کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔