ویب ڈیسک: روس کے مشرق بعید میں ایک افسوسناک فضائی حادثے میں سائبیریا کی انگارا ایئرلائن کا مسافر طیارہ پہاڑی علاقے سے ٹکرا کر گر گیا، جس کے نتیجے میں پانچ بچوں سمیت تمام 49 افراد جاں بحق ہو گئے۔
علاقائی گورنر ویسلی اورلوف کے مطابق طیارے میں 43 مسافر اور 6 فضائی عملے کے افراد سوار تھے۔ یہ اے این-24 ماڈل کا طیارہ چین کی سرحد کے قریب واقع علاقے امور کے شہر ٹِنڈا کی طرف جا رہا تھا۔ پرواز کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرول سے اچانک رابطہ منقطع ہو گیا اور طیارہ ریڈار سے بھی غائب ہو گیا۔روسی حکام نے فوری طور پر تلاش کا آپریشن شروع کیا اور کچھ گھنٹوں بعد طیارے کا ملبہ ٹنڈا سے تقریباً 10 کلومیٹر دور پہاڑی علاقے میں ملا۔ ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ طیارہ خراب موسم یا تکنیکی خرابی کے باعث پہاڑ سے ٹکرا گیا۔سرکاری خبر ایجنسی "طاس" کے مطابق اس سانحے میں کوئی مسافر زندہ نہیں بچ سکا۔ یہ واقعہ روس کی حالیہ تاریخ میں شہری ہوابازی کا ایک سنگین حادثہ قرار دیا جا رہا ہے۔