امریکی ریاست مونٹانا کے کالی اسپیل سٹی ایئرپورٹ پر ایک چھوٹا طیارہ لینڈنگ کے دوران کھڑے جہازوں سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ پیر کی دوپہر تقریباً 2 بجے پیش آیا، جب سنگل انجن سُکاتا ٹی بی ایم 700 ٹربو پراپ طیارہ، جس میں چار افراد سوار تھے، لینڈنگ کی کوشش کے دوران کنٹرول کھو بیٹھا اور رن وے پر کریش ہو کر متعدد کھڑے جہازوں سے جا ٹکرایا۔ٹکر کے بعد کئی طیاروں میں آگ لگ گئی جو قریبی گھاس کے علاقے تک پھیل گئی، تاہم فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کر کے شعلوں پر قابو پا لیا۔ایئرپورٹ کے فائر چیف جے ہیگن کے مطابق چھوٹے طیارے میں سوار مسافر اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ دو افراد معمولی زخمی ہوئے جنہیں موقع پر ہی طبی امداد دی گئی۔فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔