امریکا میں تربیتی طیارہ متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گیا، ویڈیو وائرل

امریکا میں تربیتی طیارہ متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گیا، ویڈیو وائرل

امریکا کی ریاست جارجیا میں ایک چھوٹا تربیتی طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران مصروف شاہراہ پر متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

پولیس کے مطابق سنگل انجن والا تربیتی طیارہ (ہاکر بیچ کرافٹ بی ای-36) پرواز کے دوران تکنیکی خرابی کا شکار ہو گیا، جس کے بعد پائلٹ کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں اتنی طاقت باقی نہیں رہی تھی کہ وہ واپس ہوائی اڈے تک پہنچ سکتا۔یہ واقعہ جارجیا کے شہر گینزویل میں پیش آیا، جہاں طیارے نے سڑک پر ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ مصروف سڑک پر اترتے ہی متعدد گاڑیوں سے ٹکرا جاتا ہے۔پولیس کے مطابق حادثے میں چند افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔ لینڈنگ کے بعد طیارے کا دایاں بازو ایک گاڑی سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں فیول ٹینک الگ ہو گیا۔ بعد ازاں طیارہ ایک گاڑی کے پچھلے حصے سے ٹکرا کر دوسری گاڑی میں جا گھسا۔

حادثے کے بعد متاثرہ شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جبکہ مقامی حکام نے شہریوں کو طویل ٹریفک جام کی توقع رکھنے کی ہدایت کی ہے۔نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) کے مطابق طیارہ گینزویل کے لی گلمر میموریل ایئرپورٹ سے کینٹن کے چیروکی کاؤنٹی ریجنل ایئرپورٹ جا رہا تھا کہ روانگی کے کچھ ہی دیر بعد پائلٹ کو انجن میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔این ٹی ایس بی کا کہنا ہے کہ طیارے میں پیش آنے والی تکنیکی خرابی کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔