حکومت نے مٹی کا تیل 6 روپے 4 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار

حکومت نے مٹی کا تیل 6 روپے 4 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کے چند گھنٹے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی کا اعلان کر دیا۔

حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 4 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 227 روپے 5 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔اس سے قبل جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب وفاقی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی سے قبل کی سطح پر واپس آنے کے باوجود عوام اور ماہرین کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی توقع تھی، تاہم ایسا نہ ہو سکا۔باخبر ذرائع کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کے فیصلے میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، پیٹرول پمپ مالکان اور ڈیلرز کے تحفظات اہم وجہ بنے۔

 ان کا مؤقف تھا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث انہیں مالی نقصان کا سامنا ہے، اور اگر مقامی سطح پر قیمتیں مزید کم کی گئیں تو کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا۔دوسری جانب حکومت نے صرف مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی کرتے ہوئے صارفین کو جزوی ریلیف فراہم کیا ہے، جبکہ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں بدستور اپنی سابقہ سطح پر برقرار رہیں گی۔