تل ابیب / بیروت: اسرائیل نے حزب اللہ کے خلاف باقاعدہ ’جارحانہ مہم‘ شروع کر دی ہے۔
اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زمیر نے اجلاس میں کہا کہ حزب اللہ کی جانب سے راکٹ حملوں کے بعد یہ کارروائی شروع کی گئی۔لبنانی حکام کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں اب تک کم از کم 31 افراد جاں بحق اور 149 زخمی ہو چکے ہیں۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق حملے بیروت کے جنوبی مضافات اور جنوبی لبنان میں کیے گئے۔
بیروت کے نواحی علاقوں: 20 ہلاک، 91 زخمی
جنوبی لبنان: 11 ہلاک، 58 زخمی
اسرائیل نے یہ حملے اس وقت شروع کیے جب حزب اللہ نے شمالی اسرائیل پر راکٹ حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔ جنوبی لبنان کے بعض علاقوں میں جبری انخلا کی وارننگ بھی جاری کی گئی، جس کے باعث لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔لبنان کے صدر جوزف عون نے کہا کہ لبنان کی سرزمین سے اسرائیل پر ہونے والے حملے حکومت کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، تاہم انہوں نے اسرائیلی جارحیت کی بھی مذمت کی اور خبردار کیا کہ لبنان کو دوسروں کی جنگوں کا میدان بنانے سے مزید خطرات لاحق ہوں گے۔