آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان ایل این جی فریم ورک اگریمنٹ تین سال مزید بڑھانے پر اتفاق

آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان ایل این جی فریم ورک اگریمنٹ تین سال مزید بڑھانے پر اتفاق

ویب ڈیسک: آذربائیجان اسٹیٹ آئل اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے درمیان ایل این جی فریم ورک اگریمنٹ کو تین سال کے لیے مزید بڑھا دیا گیا ہے۔

یہ معاہدہ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے حالیہ آذربائیجان کے دورے کے دوران طے پایا۔اعلامیے کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے علی پرویز ملک کا باکو میں استقبال کیا، جہاں وزیر پیٹرولیم نے باکو انرجی ویک میں خطاب کیا اور عالمی توانائی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے ترکش پیٹرولیم کے سی ای او احمد ترکوگلو، اماراتی کمپنی مبادلہ کے چیئرمین، اور آذربائیجان کے وزیر توانائی اور وزیر خزانہ سے توانائی تعاون کے مواقع پر بات چیت کی۔علی پرویز ملک سے آذربائیجان کے وزیر اعظم علی اسادوف نے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کے امور زیر غور آئے۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ آذربائیجان پاکستان میں مختلف شعبوں میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں سرمایہ کاری کے تسلسل کو ظاہر کرتا ہے۔صدر آذربائیجان نے کہا کہ پاک-ترکی-آذربائیجان سہ فریقی اجلاس بھائی چارے اور یکجہتی کی علامت ہے اور پاکستان اور آذربائیجان کی شراکت داری نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون توانائی کے شعبے میں مزید فروغ پائے گا۔یہ دورہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات کو مضبوط بنانے اور توانائی کے شعبے میں قریبی شراکت داری کا عکاس ہے۔