2 ٹریفک حادثات،ایک شخص جاں بحق، 3 زخمی

 لال پل کنال روڈ پر تیز رفتار موٹر سائیکل فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی ، 61سالہ منظور مارا گیا 
لاہور(کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں پیش آنے والے دو مختلف ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق لال پل کنال روڈ پر ایک تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 61 سالہ منظور ولد غفور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے ضروری کارروائی کے بعد لاش پولیس کے حوالے کر دی۔ دوسری جانب سندر اڈا ملتان روڈ پر مزدہ ٹرک اور رکشے کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انڈس ہسپتال منتقل کر دیا۔ ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ حادثات سے محفوظ رہا جا سکے۔