ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق،9شدیدزخمی

 موٹر سائیکل سوار 35 سالہ ندیم چک 51 کے قریب ٹرک کی ٹکرسے چل بسا
 مزد ا اور موٹرسائیکل سواردیپالپور روڈ ،کسووال اور بصیرپور میں زخمی ہوگئے
پاکپتن ،چیچہ وطنی،بصیرپور(خصوصی رپورٹ)پاکپتن اور کسووال کے علاقوں میں ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق،9شدیدزخمی ہوگئے۔ چک 51 ای بی سٹاپ کے قریب ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 35 سالہ ندیم سکنہ چک 51 ای بی عارفوالہ زخموں کی تاب نہ لاکر موقع پر دم توڑگیا۔ریسکیو اہلکاروں نے ضروری کارروائی کے بعد ڈیڈ باڈی کو لواحقین کے حوالے کر دیا۔ دیپالپور روڈ پر چک 17ایس پی کے قریب مزدا ٹرک اوورٹیک کرتے ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گیا۔ اسی دوران مخالف سمت سے آنے والا 22 ویلر ٹرالر بھی مزدا سے جا ٹکرایاجس سے تصادم پر دو افراد 28 سالہ عامر سکنہ میاں چنوں اور 30 سالہ نذیر سکنہ 137/EB احمد یار عارفوالہ شدید زخمی ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نیموقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کرکے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال پاکپتن منتقل کر دیا۔تھانہ کسووال کی حدود پل 14 ایل نہر کے قریب ٹرالر نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماردی جس سیچک نمبر 4 چودہ ایل کے رہائشی دوافراد شدید زخمی ہوگئے۔بصیرپور کے علاقے کلیر روڈ آبادی رسول پور کے قریب دو موٹر سائیکلوں میں تصادم سے3 بچے احمد،ارحم، نورین سمیت 22 سالہ عبد الغنی اور 30 سالہ صوبیہ زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔