محرم الحرام کے دوران سکیورٹی مؤثر بنانے کیلئے سیف سٹی کا جدید نظام فعال(43شہر کوریج میں شامل)

جلوسوں اور مجالس کے تحفظ کیلئے 2700 امام بارگاہوں کی جیو ٹیگنگ ‘ سکیورٹی ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس دے سکیں گے
عزاداروں اور منتظمین کی سہولت کیلئے کیو آر کوڈ پر مبنی پینک بٹن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے‘ مختلف مقامات پر اضافی کیمرے نصب کئے گئے ہیں 
لاہور(رپورٹ:شہزاد راجپوت) محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے سیف سٹی پنجاب نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبے کے 43 شہروں کو سیف سٹی کوریج میں شامل کیا گیا ہے جبکہ جدید اور نئے کیمروں کی تنصیب کا عمل بھی جاری ہے۔سیف سٹی حکام نے بتایا ہے کہ صوبے بھر میں جیو میپنگ اور جیو ٹیگنگ کے ذریعے حساس مقامات کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے۔ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے تحفظ کے لیے 2,700 امام بارگاہوں کی جیو ٹیگنگ کی گئی ہے تاکہ سیکیورٹی ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس دے سکیں۔مزید برآں، عزاداروں اور منتظمین کی سہولت کے لیے کیو آر کوڈ پر مبنی پینک بٹن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ جس کے ذریعے کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جا سکے گی۔حکام کے مطابق محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کے تحت مختلف مقامات پر اضافی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ بعض حساس مقامات پر لاؤڈ اسپیکرز (LT سیٹ) کے اندر بھی خصوصی نگرانی کے لیے کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔جس کی مدد سے متعلقہ ایس ایچ او اپنے علاقوں میں ان کیمروں کے ذریعے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر سکیں گے۔سیف سٹی کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں 1,400 سے زائد کیمرے فعال ہیں جبکہ پنجاب بھر میں 22 ہزار سے زیادہ کیمروں کے ذریعے نگرانی کا نظام کام کر رہا ہے۔ مصنوعی ذہانت (AI) سے معاونت یافتہ جدید مانیٹرنگ سسٹم مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی اور بروقت کارروائی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کر رہا ہے۔سیف سٹی حکام کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، جیو میپنگ، جیو ٹیگنگ اور وسیع کیمرہ نیٹ ورک کے استعمال سے سیکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے تاکہ عزاداروں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔