پنجاب کے 39 اضلاع میں فوج اور رینجرز کی 137 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں:محکمہ داخلہ
متنازع اور نفرت انگیز مواد اپ لوڈکرنے والے پانچ ہزار سے زائد پیجز اور سائیٹس کو بلاک کر دیا گیا
لاہور(عدنان ملک )پنجاب میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے فوج اور رینجرز کے دستے طلب کرلئے گئے۔محکمہ داخلہ پنجاب نے پاک فوج اور رینجرز کی خدمات طلب کرنے کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ لکھ دیا، قانون نافذ کرنے والے ادارے محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے خدمات سر انجام دیں گے۔پنجاب کے 39 اضلاع میں فوج اور رینجرز کی 137 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئیں، پنجاب میں پاک فوج کی 61 اور رینجرز کی 76 کمپنیاں تعینات کرنے کیلئے مراسلہ لکھا گیا۔پاک فوج، رینجرز کے دستے مختلف اضلاع کی ضرورت کے مطابق یکم سے 11 محرم کے دوران خدمات سرانجام دیں گے۔دریں اثناء سیف سٹی نے متنازع اور نفرت انگیز مواد اپلوڈ کرنے والے پانچ ہزار سے زائد پیجز اور سائیٹس کو بلاک کروا دیا ۔حکام کے مطابق سائبر پٹرولنگ کیلئے ٹیمیں چوبیس گھنٹے متحرک رہیں گی ، سیف سٹی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی مانیٹرنگ کررہے ہیں