مستقبل کی جنگیں نئی حکمت عملیوں کی متقاضی ہیں:سربراہ پاک بحریہ

پاک بحریہ ہر طرح کے روایتی و غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کیلئے  ہمہ وقت تیار ہے: ایڈمرل نوید اشرف کا  پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں  خطاب
راولپنڈی(آئی این پی)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ روایتی عسکری حکمتِ عملی کو جدید سیکیورٹی چیلنجز سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، بحرِ ہند میں تیزی سے بدلتی صورتحال سیکیورٹی ماحول پر مسلسل اثرانداز ہو رہی ہے مستقبل کی جنگیں نئی حکمت عملیوں کی متقاضی ہیں،،پاک بحریہ ہر طرح کے روایتی و غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کیلئے  ہمہ وقت تیار ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 55ویں پاکستان نیوی  سٹاف کورس کے شرکا سے خطاب کیا۔نیول چیف نے اپنے خطاب میں جدید جنگی ماحول کی بدلتی ہوئی نوعیت اور سمندری سلامتی کو درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجز پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ روایتی اور غیر روایتی خطرات سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے حکمت عملیوں کو نئے تقاضوں کے مطابق ڈھالنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ جدیدیت، مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کے فروغ اور تینوں مسلح افواج کے درمیان مشترکہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔