پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں 54ویں پی این سٹاف کورس کی کانووکیشن تقریب‘ 118 افسروںکو ڈگریاں دی گئیں
بحیرہ احمر مختلف طاقتوں کے مفادات کی وجہ سے میدان جنگ بن چکا ہے جو عالمی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے :ایڈمرل نوید اشرف
لاہور (آئی این پی)پاکستان نیوی کے 54ویں سٹاف کورس کی کانووکیشن تقریب کا انعقاد پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں کیا گیا۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران کل 118 افسران کو ڈگریاں تفویض کی گئیں جس میں پاکستان نیوی، پاک آرمی و پاک فضائیہ کے 74 افسران سمیت دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے 44 افسران جس میں بحرین، بنگلہ دیش، ترکیہ، چین، انڈونیشیا، ایران، عراق، ملائیشیا، میانمار، نائجیریا، عمان، فلسطین، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، یمن اور متحدہ عرب امارات کے افسران شامل تھے۔ اپنے خطاب میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے سٹاف کورس مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان نیوی وار کالج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو سراہا۔ انہوں نے جنگی نوعیت میں تبدیلی اور سمندری سلامتی کو درپیش نئے خطرات کو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ نیول چیف نے اس بات کی نشاندہی کی کہ بحیرہ احمر مختلف طاقتوں کے مفادات کی وجہ سے میدان جنگ بن چکا ہے جو عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ ایڈمرل نوید اشرف نے غیر ریاستی عناصر کے بڑھتے ہوئے کردار اور غیر روایتی جنگی طریقہ کار کے تناظر میں روایتی عسکری حکمت عملیوں میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بحرِ ہند کے خطے کو مسلسل بدلتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے جہاں نئی جغرافیائی و سیاسی صف بندیاں اور طاقت کی کشمکش سلامتی کے ماحول کو متاثر کر رہی ہیں۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت کا واضح ثبوت ہے اور اب جنگ کو یک رُخی انداز سے سمجھنا کافی نہیں رہا۔