سفارشات پیش کرنے کیلئے ایک ماہ قبل کمیٹی بنائی گئی ، ایک بھی اجلاس نہ ہوسکا
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب بھر میں اساتذہ اور ایجوکیٹرز کی مستقلی کا معاملہ سرد خانے کی نذر ہوتا دکھائی دینے لگا ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے اساتذہ کی مستقلی کا جائزہ لینے اور سفارشات پیش کرنے کیلئے ایک ماہ قبل کمیٹی تشکیل دی ، تاہم کمیٹی کا تاحال ایک بھی اجلاس طلب نہیں کیا جا سکا۔تفصیل کے مطابق اساتذہ کی مستقلی کا معاملہ محض کمیٹی تک محدود رہ گیا اور اس پر کوئی پیشرفت نہیں ہو رہی۔ اس سست روی کی وجہ سے صوبے بھر میں خدمات سرانجام دینے والے 14 ہزار اسسٹنٹ ایجوکیشن افسر اور ایجوکیٹرز تشویش کا شکار ہیں۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے مستقلی کی تمام شرائط پوری کر رکھی ہیں، لیکن محکمہ کی عدم دلچسپی اور سرد مہری کی وجہ سے ان کا مستقبل خطرے میں ہے۔ وزیر تعلیم نے کچھ عرصہ قبل اساتذہ کی فوری مستقلی کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس وعدے پر عملدر آمد ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ اساتذہ نے مطالبہ کیا ہے کہ کمیٹی کا اجلاس بلاتاخیر طلب کیا جائے اور مستقلی کا نوٹیفکیشن جلد از جلد جاری کیا جائے، جائز حق مزید تاخیر کا شکار ہوا تو صوبے بھر میں احتجاج کا راستہ اپنایا جائے گا۔