14ہزار ایجوکیٹرز کی مستقلی ، سمری تیار

 ایجوکیٹرز کو بغیر پبلک سروس کمیشن کے امتحان کے مستقلی دی جائے گی، اساتذہ میں اعتماد بحال ہوگا ،اجلاس میں فیصلہ 
لاہور (خصوصی رپورٹ)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر میں خدمات سرانجام دینے والے 14 ہزار ایجوکیٹرز اور اسسٹنٹ ایجوکیٹرز کی مستقلی کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ افسران کے علاوہ پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت علی نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان ایجوکیٹرز کی مستقلی کے لیے سمری جلد وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوائی جائے گی۔ محکمہ تعلیم کے مطابق مذکورہ اساتذہ میں تقریباً 3 ہزار اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران ) بھی شامل ہیں۔محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ ایجوکیٹرز کو بغیر پبلک سروس کمیشن کے امتحان کے مستقلی دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق یہ سمری آئندہ چند روز میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی جائے گی، جس کی منظوری کے بعد 14 ہزار اساتذہ کو مستقل کیا جائے گا۔ اس فیصلے سے نہ صرف اساتذہ میں اعتماد بحال ہوگا بلکہ تعلیمی شعبے میں تسلسل اور بہتری بھی متوقع ہے۔