بہاولنگر، اوکاڑہ،تلونڈی ودیگرعلاقوں میں ہلاکتیں46 سے زائد زخمی،نشیبی علاقے زیرآب، گھنٹوں بجلی بند
لاہور ( کرائم رپورٹر )ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلا دھار بارش سے شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا ،موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ،بارش سے چھتیں گرنے ، کرنٹ لگنے اور آسمانی بجلی گرنے سے10 افراد جاں بحق، 46 سے زائد زخمی ہوگئے۔لاہور میں نماز فجرسے دوپہر تک بادل خوب برسے، موسم خوشگوار ہو گیا۔ بارش سے لیسکو کے 320سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے اکثرعلاقوں میں بجلی گھنٹوں معطل رہی۔ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسلام آباد ،راولپنڈی ،گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، میانوالی، فیصل آباد، سانگلہ ہل، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حجرہ شاہ مقیم، خوشاب، جوہرآباد،مری ، گلیات، آزاد کشمیر ، مالم جبہ، کالام اور گردونواح میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ ایبٹ آباد میں بارش سے ندی دوڑ میں طغیانی آگئی، بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے مرکزی شاہراہ بند ہوگئی، متعدد سیاح پھنس گئے۔ این ڈی ایم اے نے آئندہ24گھنٹے کیلئے طوفان اور بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔جہلم میں برساتی نالے میں رکشہ الٹنے سے 8افراد ڈوب گئے، 6کو بچالیا گیا دو لاشیں نکال لی گئیں۔تلونڈی قصور میں خستہ حال چھت گرنے سے دوبہنیں6 سالہ عرفہ اور 4سالہ سلمیٰ جاں بحق ہوگئیں ،بہاولنگر میں بارش پرکچے مکان کی چھت گرنے سے 4سالہ بچہ زین،اوکاڑہ میں 5 سالہ بچی چھت گرنے ، کوٹ ادو بستی سیال میں دیوار گرنے سے چچا، بھتیجا جاں بحق ہوگئے۔بستی ریاض آباد اوکاڑہ میں چھت گرنے سے 5سالہ دعا فاطمہ جاں بحق 2افراد زخمی ہوگئے۔ میاں چنوں کے نواح میں دوران بارش آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان جاں بحق ، دوسرا زخمی ہوگیا۔28/2R میں آسمانی بجلی گرنے سے 1 زخمی ہوگیا، چنیوٹ میں جھنگ روڈ پربرآمدے کی چھت گرگئی، 4افراد زخمی ہوگئے۔حجرہ شاہ مقیم میں بارش سے اٹاری روڈ پر 3 گھروں کی چھتیں گر گئیں ، جانی نقصان نہیں ہوا۔دیپالپور میں چھت گرنے سے 2افراد، شیخ بستی میں کچن گرنے سے لڑکی ، جڑانوالہ 240موڑ پر چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ، ساہیوال کے گائوں میں چھت گرنے سے 2افراد ،ملتان میں بستی رتا میں دیوار گرنے سے 3افراد،لطیف آباد میں چھت گرنے سے 3افراد اور 18کسی بستی میں دیوار گرنے سے 1 شخص،فیصل آباد میں 128GBاور پیپلز کالونی میں چھتیں گرنے سے دوافراد،ملکوال میں بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے 2 بچے ،لکھن وال میں دیوار گرنے سے ایک شخص ، شور کوٹ میں چھتیں گرنے سے 2افراد،لاہور میں لکڑی کا گھر گرنے سے 1شخص،تلونڈی میں چھت گرنے سے 2 افراد ، ساہیوال میں چھت گرنے سے 2افراد،چنیوٹ میں چھتیں گرنے سے 5افرادزخمی ہوگئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی چھتیں بارش سے ٹپکنے لگیں۔ تیز بارش سے ایڈمنسٹریشن بلاک،گرائونڈ فلور کی راہداریوں،مسجد اور لائبریری میں پانی بھر گیا، سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔