کوئٹہ:خود کش حملہ:10افراد جاں بحق‘33زخمی بمبار سمیت6دہشت گرد ہلاک

ایف سی ہیڈکوارٹر زکے قریب فتنۃ الہندوستان کے حمایت یافتہ دہشت گردوں نے دھماکہ کیا‘ فائرنگ‘  ایف سی کے دو جوان   زخمی  
 پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی:صدر‘ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا:وزیراعظم
کوئٹہ(آئی این پی ‘آن لائن)کوئٹہ کے مشرق میں واقع ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب خودکش دھماکے میں10 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوگئے جبکہ سیکیورٹی  فورسز کی بروقت اورموثر جوابی کارروائی میں خودکش حملہ آور سمیت تمام چھ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔  فائرنگ اور دھماکے کے نتیجے میں ایف سی کے دو جوان زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ میں زرغون روڈ کے قریب زور دار دھماکا ہوا، جس کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں،خودکش دھماکے کی آواز مشرقی علاقے ماڈل ٹائون اور اطراف میں دور تک سنی گئی جو کہ ایک حساس علاقہ ہے۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے دروازے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئیں، شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں دھماکے کے مقام پر پہنچ گئیں، ایف سی کی بھی نفری موقع پر پہنچ گئی  جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، یہ خودکش حملہ فتن الہندوستان کی کارروائی ہے، حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھا اور اس کے ساتھ پانچ دیگر دہشت گرد بھی موجود تھے۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں خودکش حملہ آور سمیت تمام چھ دہشت گرد ہلا ک ہو  گئے‘صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ کے علاقے میں خوارج اور بھارت نواز عناصر کی جانب سے کیے گئے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ خوارج اور بھارت کے ایجنڈے پر کام کرنے والے عناصر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔صدرِ مملکت نے حملے کے دوران بروقت اور مؤثر کارروائی کرنے پر سیکیورٹی فورسز، خصوصاً فرنٹیئر کور (ایف سی) کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے زخمی ایف سی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان، اس کے عوام اور سیکیورٹی ادارے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور ان شاء  اللہ غالب آئیں گے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور قومی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو نشانہ  بنانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت، سیکیورٹی فورسز اور پوری قوم ملک سے دہشتگردی اور فتنہ الہندوستان کے مکمل خاتمے کے لیے یکسو اور پرعزم ہے