کوہستان اسکینڈل: بانی پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا حکومت کو فوری وضاحت دینے کی ہدایت کر دی

کوہستان اسکینڈل: بانی پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا حکومت کو فوری وضاحت دینے کی ہدایت کر دی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم سے ایک روز قبل خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کی اہم ملاقات کی اندرونی تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں حالیہ کوہستان اسکینڈل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو اس پر فوری اور جامع وضاحت جاری کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ:"اس اسکینڈل کے باعث خیبرپختونخوا حکومت پر کرپشن کے الزامات لگ رہے ہیں، ہمیں عوام کو یہ بتانا ہوگا کہ اصل ذمہ دار کون ہے۔"ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ہدایت کی کہ اسکینڈل کے اثرات کا فوری ازالہ کیا جائے تاکہ پارٹی کی ساکھ متاثر نہ ہو۔ملاقات میں بلین ٹری سونامی منصوبے کو دوبارہ مکمل طور پر فعال کرنے، اور ماحولیاتی تبدیلیوں (کلائمیٹ چینج) کے مسئلے پر صوبائی حکومت کو خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی دی گئی۔

بانی پی ٹی آئی نے زور دیا کہ:"صحت اور تعلیم کے شعبوں میں کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، کے پی حکومت عوامی فلاحی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنائے۔"دوسری جانب مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے بھی اس ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ:"ملاقات میں کے پی کا بجٹ، کوہستان اسکینڈل، اور دیگر گورننس سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی ہے۔"بیرسٹر سیف کے مطابق پارٹی قیادت نے عوامی مفاد سے جڑے منصوبوں میں رفتار اور شفافیت بڑھانے کی تاکید کی ہے، اور آئندہ چند ہفتوں میں بعض اہم اصلاحات متوقع ہیں۔