دو روز قبل طوفانی بارش کے دوران پیش آنے والا المناک واقعہ مزید دلخراش رخ اختیار کر گیا۔
آن لائن کیب کے لاپتا ڈرائیور حسین معاویہ کی لاش جمعرات کی شب دریائے سواں سے برآمد ہو گئی۔
پس منظر: اسکول ٹیچر کی پہلے ہی لاش مل چکی
یاد رہے کہ اسی حادثے میں افشاں کالونی کی رہائشی اسکول ٹیچر انعم بشیر بھی جاں بحق ہو گئی تھیں، جن کی لاش بدھ کو بھوسہ گودام کے قریب برساتی نالے سے ملی تھی۔
انعم بشیر نے بدھ کی صبح اسلام آباد میں اپنی ڈیوٹی پر جانے کے لیے آن لائن کیب بک کی تھی۔ جب گاڑی رینج روڈ ویسٹریج لین نمبر 4 کے قریب پہنچی تو برساتی نالے میں طغیانی کے باعث پانی سڑک پر آگیا اور گاڑی پانی میں بہہ گئی۔
ڈرائیور حسین معاویہ کی تلاش
حادثے کے بعد گاڑی تو کچھ فاصلے پر نالے میں دھنسی ہوئی مل گئی تھی، مگر ڈرائیور لاپتا رہا۔ریسکیو 1122 اور ویسٹریج پولیس نے مسلسل دو دن تک سرچ آپریشن جاری رکھا۔
لاش کی شناخت اور مقام دریافت
بالآخر جمعرات کی شام سورج غروب ہونے کے بعد، تھانہ روات اور صدر بیرونی کے علاقے ڈھوک باوا کے قریب دریائے سواں میں ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی۔
چہرے پر ڈاڑھی اور کلائی پر بندھے دھاگے کے کڑے کی مدد سے لواحقین نے لاش کی شناخت حسین معاویہ کے طور پر کی۔ پولیس کے مطابق حسین کا تعلق گوجرخان سے تھا۔
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ
قبل ازیں، پولیس نے گاڑی کی رجسٹریشن نمبر سے مالک سے رابطہ کیا، جنہوں نے تصدیق کی کہ گاڑی حسین معاویہ چلا رہا تھا، جو کہ ایک آن لائن کیب سروس کے ذریعے مسافر لے جا رہا تھا۔بارش کے دوران گاڑی برساتی نالے میں بہہ گئی، جس کے نتیجے میں دونوں افراد جاں بحق ہو گئے۔