لاہور کے علاقے واب ٹاؤن میں معمولی تلخ کلامی کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دوستی دشمنی میں بدل گئی۔
20 سالہ نوجوان علی کو اس کے قریبی دوست عرفان نے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا۔پولیس کے مطابق علی اور عرفان آپس میں قریبی دوست تھے اور دونوں شوکت خانم اسپتال کے قریب واقع ایک مقام پر کھانا کھانے آئے تھے۔ اسی دوران دونوں کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی، جس پر عرفان نے اچانک فائرنگ کر دی۔ گولی لگنے سے علی شدید زخمی ہو گیا۔فائرنگ کے بعد موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر ریسکیو 1122 اور پولیس کو اطلاع دی۔ زخمی علی کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور عرفان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔
اہل علاقہ میں خوف و ہراس
فائرنگ کے اس واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی افراد نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی رنجش یا معمولی بات پر اس طرح کے پرتشدد واقعات لمحہ فکریہ ہیں۔
پولیس کا مؤقف
پولیس ترجمان کے مطابق عرفان اور علی کے درمیان کسی پرانے تنازع کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں اور موبائل ڈیٹا کی مدد سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ واقعے کے محرکات کو مکمل طور پر واضح کیا جا سکے۔