وزارت مذہبی امور نے حج 2026 کے خواہشمند عازمین کے لیے قبل از وقت لازمی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
اس رجسٹریشن کا مقصد حکومت سعودی عرب کو بروقت اعداد و شمار فراہم کرنا ہے تاکہ حج کوٹہ کی منصفانہ تقسیم ممکن بنائی جا سکے۔حج رجسٹریشن کی آخری تاریخ 9 جولائی 2025 مقرر کی گئی ہے، اور وزارت مذہبی امور کے مطابق اس ابتدائی رجسٹریشن کے لیے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
رجسٹریشن کی شرائط و اہم نکات:
رجسٹریشن لازمی ہو گی، خواہ عازمین سرکاری اسکیم کے تحت حج کرنا چاہتے ہوں یا نجی اسکیم کے ذریعے۔
بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔
صرف وہی درخواست گزار حج 2026 کے لیے اہل تصور کیے جائیں گے جنہوں نے اس مرحلے میں رجسٹریشن کروائی ہو گی۔
رجسٹریشن کے بعد عازمین کو سرکاری یا نجی اسکیم کا انتخاب کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
رواں برس (2025) پرائیویٹ اسکیم کے تحت حج کی سعادت سے محروم رہ جانے والے افراد کے لیے بھی حج 2026 میں رجسٹریشن دوبارہ لازمی ہے۔
حج رجسٹریشن ملک بھر میں موجود 15 منظور شدہ بینکوں کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔
حج 2026 کے اخراجات، حتمی شرائط و ضوابط اور دیگر تفصیلات حج پالیسی 2026 کے تحت بعد میں علیحدہ سے جاری کی جائیں گی۔
سعودی حکومت کو اعداد و شمار کی فراہمی ضروری
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ رجسٹریشن سعودی حکومت کی ہدایت پر کی جا رہی ہے تاکہ ہر ملک کا حج کوٹہ ان کے فراہم کردہ اعداد و شمار کی روشنی میں بروقت طے کیا جا سکے۔ حکومت پاکستان حج رجسٹریشن کے تمام ڈیٹا سعودی عرب کو فراہم کرے گی، جس پر کوٹہ مختص کیا جائے گا۔
عوام سے اپیل
وزارت مذہبی امور نے تمام خواہشمند عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ وقت میں رجسٹریشن مکمل کروائیں تاکہ بعد میں کسی قسم کی دشواری یا محرومی سے بچا جا سکے۔ مزید معلومات وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ اور متعلقہ بینک برانچز سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔