بیوہ سہارا کارڈ اسکیم 2026 کا اعلان، رجسٹریشن کا آغاز

بیوہ سہارا کارڈ اسکیم 2026 کا اعلان، رجسٹریشن کا آغاز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بیوہ خواتین کی مالی معاونت کے لیے بیوہ سہارا کارڈ اسکیم 2026 کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔

 اس اسکیم کے تحت، صوبہ بھر میں مستحق اور رجسٹرڈ بیوہ خواتین کو ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک کی مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ حکومت کا مقصد بیوہ خواتین کو معاشی سہارا دینا، ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کرنا اور انہیں خود کفیل بنانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔اعلامیے کے مطابق، مالی امداد کی رقم خاندان کی نوعیت اور بچوں کی تعداد کے مطابق مختلف ہوگی۔ ایک بچے کی کفالت کرنے والی بیوہ کو 1 لاکھ 25 ہزار روپے (اضافی 25 ہزار روپے کے ساتھ) دیئے جائیں گے، جبکہ دو یا زائد بچوں والی خواتین کو 1 لاکھ 50 ہزار روپے (اضافی 50 ہزار روپے کے ساتھ) تک امداد فراہم کی جائے گی۔ بنیادی امدادی رقم 1 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق، یہ اسکیم فروری 2026 سے شروع کی جائے گی، اور رجسٹریشن کا عمل 14 مارچ تک جاری رہے گا۔ درخواست دینے کے لیے، درخواست گزار کا پنجاب کا مستقل رہائشی ہونا، بیوہ ہونا، نادرا سے تصدیق شدہ شناختی کارڈ، شوہر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ، اور بچوں کا ب فارم جمع کروانا لازمی ہے۔ درخواستیں آن لائن پورٹل کے ذریعے یا قریبی رجسٹریشن مراکز سے دی جا سکتی ہیں۔ تمام درخواستوں کی بائیو میٹرک تصدیق اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد، شفاف انداز میں امدادی رقم فراہم کی جائے گی۔
پنجاب حکومت نے اس اقدام کو خواتین کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے، اور توقع کی جارہی ہے کہ اس اسکیم کے ذریعے ہزاروں ضرورت مند خواتین کو فوری مالی ریلیف ملے گا اور وہ باعزت زندگی گزارنے کے قابل بنیں گی۔