جنگ بندی یا مذاکرات کیلیے وقت کی کوئی پابندی نہیں، تین سے پانچ دن کی مہلت کی خبریں جھوٹی ہیں؛ ڈونلڈ ٹرمپ

جنگ بندی یا مذاکرات کیلیے وقت کی کوئی پابندی نہیں، تین سے پانچ دن کی مہلت کی خبریں جھوٹی ہیں؛ ڈونلڈ ٹرمپ

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی یا مذاکرات سے متعلق مخصوص ٹائم فریم کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے پھیلائی جانے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں واضح کیا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات یا جنگ بندی کے لیے تین سے پانچ دن کی کوئی مہلت یا ڈیڈ لائن موجود نہیں۔ ان کے مطابق نہ تو کوئی نئی تاریخ طے کی گئی ہے اور نہ ہی تنازع کے خاتمے کے لیے کوئی حتمی وقت مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے اس تاثر کو بھی غلط قرار دیا کہ وہ سیاسی دباؤ یا آئندہ انتخابات کے باعث معاملے کو جلد ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایسی باتیں محض افواہیں ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔انٹرویو کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ ایران پر دباؤ بڑھانے میں آبنائے ہرمز میں جاری صورتحال اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق امریکی ناکہ بندی کے باعث ایران پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور ممکن ہے کہ یہی صورتحال آئندہ پیش رفت پر اثر انداز ہو۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کو زیادہ تشویش فضائی حملوں سے نہیں بلکہ سمندری ناکہ بندی اور تجارتی راستوں کی بندش سے ہے، جو اس کی معیشت پر براہ راست اثر ڈال رہی ہے۔واضح رہے کہ اسی تناظر میں انہوں نے پہلے بھی یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایران کے ساتھ کشیدگی کے دوران بعض عسکری اقدامات کے ساتھ ساتھ مذاکرات کا راستہ بھی کھلا رکھا جا سکتا ہے، تاہم کسی بھی مرحلے پر حتمی وقت یا ڈیڈ لائن طے نہیں کی گئی۔